اسلام آباد(ای پی آئی)وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 30 اپریل کو الیکشن ہوتا ہے تو اس میں حصہ لیں گے۔ عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار کیا تو لازمی عمران خان کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عدالت میں پیش ہوں، بری ہوتے ہیں تو ہو جائیں، سزا ملے تو فیس کریں۔وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم توہینِ عدالت کا رسک نہیں لے رہے، 30 اپریل کو الیکشن ہوتا ہے تو اس میں حصہ لیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ آئین میں صرف 90 دن میں الیکشن کا درج نہیں، کچھ اور بھی درج ہے، آئین میں درج ہے کہ تمام الیکشن ایک ساتھ ہونا چاہئیں، آئین میں درج ہے کہ تمام صوبوں میں نگراں حکومت ہونا چاہیے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ غیر مشروط تعاون کریں گے، اپنے وسائل الیکشن کمیشن کے سامنے رکھیں گے، انتخابی عملے میں محکمہ تعلیم کا عملہ 85 فیصد ہوتا ہے، وہ مردم شماری میں مصروف ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن میں عدلیہ نے اپنے لوگ دینے سے انکار کر دیا ہے، جبکہ آرمی نے بتایا ہے کہ دہشت گردی کی صورتِ حال کے پیشِ نظر آرمی کے پاس فورسز کی کمی ہے۔


