اسلام آباد(ای پی آئی )اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان نااہلی کیس درخواست گزار کی جانب سے اضافی دستاویزات جمع کرانے کی متفرق درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیئے اورکیس 13 مارچ کو سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے عمران خان کو نوٹس جاری کردیئے۔
کاغذات نامزدگی میں مبینہ بیٹی کو ظاہر نہ کرنے پر عمران خان نااہلی درخواست کے متن میں ترمیم کی شہری کی درخواست پر سماعت ہوئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں لارجر بنچ نے سماعت کی ،جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر بھی بنچ میں شامل ہیں،شہری محمد ساجد کے وکیل حامد علی شاہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے ۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ پٹیشن میں ترمیم کی آپ کی درخواست پر اعتراض ہے،عدالت نے وکیل حامد علی شاہ سے استفسار کیایہ کون سی دستاویزات ہیں؟عدالت نے کہاکہ رجسٹرار آفس کا اعتراض ہے نہ جمع کرائی دستاویزات واضح نہیں ہیں۔عدالت نے استفسار کیا کیا آپ کے پاس ان کی سرٹیفائیڈکاپیز ہیں؟وکیل حامد علی شاہ نے کہاہم نے اپلائی کیا ہوا ہے سرٹیفائیڈ کاپیز مل جائیں گی،عدالت نے اضافی دستاویزات جمع کرانے کی متفرق درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیئے اور کیس 13 مارچ کو مقرر کردیا، عدالت نے شہری کی پٹیشن میں ترمیم کی درخواست پر عمران خان کو نوٹس جاری کردیا


