اسلام آباد(ای پی آئی)سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)عمران خان کی ہدایت پر پارٹی رہنما بابر اعوان نے لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کو چیلنج کرنے کی درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کردی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن دفعہ 144 کے نفاذ کو ختم کرے، لاہور میں تحریک انصاف کی ریلی پر دفعہ 144 کا نفاذ غیر قانونی ہے، حکومت پنجاب دفعہ 144 کا نفاذ کر کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔درخواست کے مطابق حکومت پنجاب پی ایس ایل میچ کو جواز بنا کر ریلی کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے، تحریک انصاف کی ریلی اور پی ایس ایل کے میچ کا روٹ مختلف ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں مزید کہا گیا کہ تحریک انصاف کی ریلی ساڑھے 5 بجے ختم ہوجائے گی جبکہ پی ایس ایل کا میچ 7 بجے شروع ہوگا، اس سے پہلے کسی شہر میں پی ایس ایل کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ نہیں کیا گیا، الیکشن مہم تحریک انصاف کا آئینی حق ہے، حکومت پنجاب غیر قانونی طور پر تحریک انصاف کی الیکشن مہم کو روک رہی ہے۔
بعد ازاں اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں دفعہ 144 کا نفاذ 2 عدالتوں کی براہ راست توہین ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وہی ریلی ہے جو پہلے نکالنی تھی، اس ریلی کو روک کر انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا، لاہور ہائی کورٹ نے پابندی ہٹائی، اس ریلی کا روٹ پی ایس ایل کے روٹ سے کہیں نہیں ملتا، نہ ہی اس کے اوقات اس سے متصادم ہیں۔بابر اعوان نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو لکھا ہے
کہ ساڑھے 5 بجے ریلی ختم ہو جائے گی، آج 2 جگہ میچ ہیں، ایک لاہور، دوسرا راولپنڈی لیکن وہاں راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ نہیں ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرلی گئی ہے، اب الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے۔ان کا کہنا تھا کہ ریلی 2 بجے ہے لہذا الیکشن کمیشن فوری حکم جاری کرے، اس میں کسی سماعت کی ضرورت نہیں ہے۔


