اسلام آباد(ای پی آئی)توشہ خانہ سے چیزیں حاصل کر نے کے معاملے پر وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوان شیزا فاطمہ خواجہ اور پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری سوشل میڈیا پر آمنے سامنے آگئیں،مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیریں مزاری نے مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر مریم نواز کو توشہ خانہ سے انناس کا ڈبہ ادائیگی کئے بغیر لینے پر تنقید کا نشانہ بنایا تو رکن قومی اسمبلی شزا فاطمہ خواجہ نے بھی انہیں کرارا جواب دیا۔
مسلم لیگ (ن)کی رہنما شیزا فاطمہ خواجہ نے شیریں مزاری کے ٹوئٹ کے جواب میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میڈم کو 300 روپے کے انناس کے ڈبے سے مسئلہ ہے، جس نے کچھ ہی وقت بعد ایکسپائر ہونا تھا اور قانون کے مطابق 30 ہزار سے کم مالیت کی اشیا رقم ادا کئے بغیر لے سکتے ہیں۔دوسری جانب یہ میڈم عمران خان اور ان کی اہلیہ کی جانب سے ہیرے جڑے قلم، گھڑیاں اور زیورات غلط طریقے سے خریدنے اور پھر اسے فروخت کرنے پر خاموش ہیں، یہ چور اور منافق ہیں۔


