کراچی(ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد جلائو گھیراؤ اور احتجاج کرنے والے کارکنوں کے گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ کارکنوں کو اکسانے کے الزام میں پی ٹی آئی کے اہم رہنمائوں کو بھی گرفتار کیا گیا اس سلسلہ تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کو بھی گرفتار کر کے نظر بند کر دیا گیا تھا جس کے بعد ان کی جانب سے پی ٹی آئی کو چھوڑنے کی افواہیں زور پکڑ گئیں تھیں جس پرعلی زید ی نے ہسپتال آمد پر میڈیا سے گفتگومیں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ میری سیاسی پیدائش تحریک انصاف میں ہوئی ،میں کوئی خاندانی سیاستدان نہیں ہوں،میری پرورش بھی عمران خان کی زیرسایہ ہوئی ،میں کسی کو لیڈر نہیں مانتا.

عمران خان نے ساری عمر تشد دسے دور رہنے کی تلقین کی ۔علی زیدی نے جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کو سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی اثاثوں کو نقصان پہنچانے کی مذمت کرتے ہیں،ایم ایم عالم ایئر بیس پر کھڑا جہاز جلا دیا گیا،شہدا کی یادگار جلائے جانے پر دکھ ہوا،ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت جلا دی گئی، جناح ہاؤس تباہ کردیاگیا.

ان کاکہناتھا کہ تشدد کرنے والوں کو روک رہا تھاپھر بھی مجھ پر جھوٹی ایف آئی آر درج کردی گئی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ فوج ہماری اور ہم فوج سے ہیں،تحریک انصاف اس دن چھوڑ دوں گا جب عمران خان چھوڑے گا،عمران خان کی زندگی میں پی ٹی آئی چھوڑانی ہے تو ماتھے پر گولی مار دو،عمران خان کے سوا کسی کو لیڈر نہیں مانتا،عمران خان نے ساری زندگی تشدد سے دور رہنے کی تلقین کی۔

ان کاکہناتھا عمران خان اگر نکالے گا بھی تو باہر بیٹھ کر چوکیدار ا کرتا رہوں گا،علی زیدی میڈیا سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔