اسلام آباد(ای پی آئی )نگران پنجاب حکومت کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد جناح ہائوس پر حملہ کرنے والے کارکنان اور سیاسی جماعت کی لیڈر شپ کے درمیان رابطوں کے اہم ثبوت مل گئے ہیں،
اس حوالے سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے کریک ڈائون کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں ،پنجاب حکومت کے مطابق جیوفینسنگ کے ذریعے شرپسندوں اور بعض سیاسی رہنماؤں کے درمیان گفتگو اورمیسجنگ کے ٹھوس شواہدسامنے آئے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ٹھوس شواہد کے بعددہشت گردی کے واقعات کے منصوبہ سازوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ عسکری تنصیبات و مقامات پرحملہ کرنے والے ایک ایک دہشت گردکوجلد قانون کی گرفت میں لایا جائے اور جلاؤ گھیراؤ اورتوڑ پھوڑ کرنے والے دیگر مقامات کی جیو فینسنگ کا عمل فوری مکمل کیا جائے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیمزکی تشکیل کا عمل آج مکمل کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے کیسوں میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاریوں کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔انہو ں نے کہا کہ 9مئی کے واقعات کے کیسز کی مکمل شواہد اور ٹھوس انداز سے پیروی کی جائے کیونکہ یہ تمام کیسز ہمارے لئے ٹیسٹ کیس ہیں،انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور محکمہ پراسیکیوشن تمام کیسوں کی بھر پور پیروی کرے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ انسپکٹرجنرل پولیس،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اورچیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے 9مئی کے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاریوں،شناخت اورمقدمات پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے 542چہروں اور305گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور،سیکرٹری قانون، سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی،چیف ایگز یکٹو آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی،کمشنر لاہورڈویژن اوراعلیٰ حکام نے اجلاس میں شر کت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرزاور آر پی اوزویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔


