اسلام آباد (ای پی آئی ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد کارکنوں کی جانب سے آرمی تنصیبات پر حملوں اور چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پاک آرمی پر تنقید کے بعد تحریک انصاف کے رہنمائوں کی جانب سے آرمی تنصیبات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور پارٹی چھورنے کا سلسلہ جاری ہے ۔

اب تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں ملک امین اسلام اور ڈاکٹر امجد نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں‌.پی ٹی آئی رہنما عامر محمود کیانی نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا.

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ آج میں تحریک انصاف کو چھوڑ رہا ہوں، مجھ پر بالکل بھی کسی چیز کا دباؤ نہیں ہے، ہم نے پی ٹی آئی کو 13 سال پہلے جوائن کیا، جو ہوسکتا تھا میں نے تحریک انصاف کیلئے کیا، بلین ٹری سونامی منصوبے کو دنیا میں مانا گیا، پارٹی کو دیئے گئے ایجنڈے کو سراہا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما ملک امین اسلم نے مزید کہا کہ پارٹی کا ایجنڈا ایک پرامن تھا، 9 مئی کے واقعات نے ہمیں سوچنے پر مجبور کر دیا، فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، ان 10 دن میں کالی بھیڑوں کو بے نقاب کر کے لٹکا دینا چاہیے تھا، پی ٹی آئی کا یہ ایجنڈا دشمنوں کے خواب کو پورا کر رہا ہے، جلوسوں کو شہداء کی یادگاروں تک کون لے کر گیا۔

ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے سب کچھ بے نقاب ہونا چاہیے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، ملک کی سیاست ہے، میں اس ایجنڈے کے ساتھ مزید نہیں چل سکتا، سمجھتا ہوں یہ ایک ایسا ایجنڈا ہے جس نے اس پارٹی کو ہائی جیک کرلیا ہے، میری سیاست کا مقصد یہ کبھی بھی نہیں رہا، یاد رہے ملک امین اسلم پی ٹی آئی حکومت میں مشیر موسمیاتی تبدیلی رہے ہیں۔دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر امجد نے بھی پارٹی سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، وہ بھی آج شام پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کریں گے