اسلام آباد (ای پی آئی )لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے اسپیکر اور الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے پراسپیکر قومی اسمبلی نے آئینی و قانونی ماہرین سے مشاورت اور آئندہ کےلائحہ عمل کے لئے سوموار کو اجلاس طلب کر لیا ہے ۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف لاہور ہائی کورٹ کےفیصلے پر اٹارنی جنرل آف پاکستان سے رائے لیں گے ۔ آئینی قانونی مشاورت کے بعد متذکرہ عدالتی فیصلے سے متعلق اپیل دائر کرنے کا پی ٹی آئی کے متعلقہ ارکان سے ملاقات کا فیصلہ کیا جائے گا ۔
جمعہ کو لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے متعلق قومی اسمبلی کے رد عمل سے متعلق جب قومی اسمبلی کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا ابھی لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ موصول نہیں ہوا عدالت کے فیصلے کودیکھ کر آئینی قانونی ماہرین سے مشاورت کی جائے گی فی الحال کوئی رد عمل نہیں دے سکتے.
یہ بھی پڑھیں؛لاہور ہائیکورٹ، پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی منظوری کالعدم قرار
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں پیر کو اس معاملے پر اسپیکر پرویز اشرف کی صدارت میں آئینی قانونی ماہرین اور سیکرٹریٹ کی متعلقہ لاء برانچ کے حکام کے ساتھ اجلاس ہو گا اٹارنی جنرل آف پاکستان اور وزارت قانون و انصاف سے بھی اس بارے میں رائے لینے کا امکان ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان سے ممکنہ ملاقات کے بارے میں بھی مشاورت کی جائے گی.
پی ٹی آئی ارکان سے ملاقات کا حتمی فیصلہ ہونے تک انہیں اجتماعی طور پر نہیں بلکہ گروپس کی صورت میں اسپیکر سے ملاقات کے لیے مدعو کیا جائے گا تاحال عدالتی فیصلہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول نہیں ہوا ۔


