کراچی /کوئٹہ (ای پی آئی ) تحریک انصاف کے چیئرمین کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کو آرمی تنصیبات اور سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ سمیت چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے آرمی کو تنقید کا نشانہ کے بعد ملک بھر میں سابق ممبران اسمبلی ،ٹکٹ ہولڈرز سمیت کئی رہنمائوں نے پارٹی کو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے.
گذشتہ روز جنوبی پنجاب کے 8 سابق ایم پی ایز نے پریس کانفرنس میں پارٹی چھورنے کا اعلان کیا تھا جبکہ بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر معدنیات مبین خلجی اور کراچی سے سابق رکن اسمبلی جے پرکاش نے بھی پاکستان تحریک انساف سے راہیں جدا کرنے اکا اعلان کر دیا ہے.
یہ بھی پڑھیں؛پی ٹی آئی کے سینئررہنما ملک امین اسلم اور ڈاکٹر امجد نے پارٹی چھوڑ دی
اس حوالے سے صوبائی وزیر مبین خلجی نےاپنے ایک بیان میں مبین خلجی نے کہا کہ جمہوریت اور بلوچستان کی فلاح کیلئے پی ٹی آئی میں شامل ہوا تھا، 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکنِ قومی اسمبلی جے پرکاش نے بھی پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرلیں۔جے پرکاش مخصوص نشست پر پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے پرکاش نے کہا کہ میں پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، پارٹی کا ہر مشکل میں ساتھ دیا، ان13 مہینوں میں ہم نے پرامن احتجاج کیے، 9 مئی کو پرامن احتجاج پرتشدد ہوگیا۔
مزید پڑھیں ؛پی ٹی آئی رہنما عامر محمود کیانی نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا
انہوں نے کہا کہ فوج ہے تو پاکستان ہے اور پاکستان ہے تو ہم ہیں، میں 9 مئی کو کراچی میں موجود تھا، ہمیں پرامن احتجاج کی کال دی گئی تھی بعد میں دیکھا کہ احتجاج فوجی تنصیبات تک چلا گیا، میں نہیں جانتا وہ لوگ کون تھے جنہوں نے یہ کیا، ان کو سزا ہونی چاہیے۔
جے پرکاش نے کہا کہ مجھے کسی نے نہیں اٹھایا، میں اپنی ذاتی مصروفیات میں تھا، 9 مئی کے بعد چند دن میں نے سوچ کر یہ فیصلہ کیا، مجھ پر کوئی دبائو نہیں میں پاکستان کے لیے رو رہا ہوں، جب ملک ڈوبنے لگتا ہے تو تکلیف ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی پارٹی میں ہر ایک کی اپنی سوچ ہوتی ہے، ان شرپسندوں کو پکڑنا چاہیے جو ملوث ہیں اور اس معاملے کی سب کو مذمت کرنی چاہیے، صدر عارف علوی کی سربراہی میں سندھ میں کام کیا ہے، عارف علوی نے جو باتیں کیں اس پر عمل ہونا چاہیے۔جے پرکاش نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے اقلیتی ونگ کا صدر تھا، میں نے پاکستان بھر میں پارٹی کی کمیٹیاں بنائیں، میں ان سب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے آج یہاں تک پہنچایا، میں اقلیتوں اور عام آدمی کے لیے کام کرتا رہوں گا۔


