لاہور (ای پی آئی ) سینئر اینکرپرسن ،عمران ریاض خان کی بازیابی سے متعلق درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی ۔جس میں عدالت کی جانب سے ایک بار پھر آئی جی پنجاب کو عمران ریاض کو بازیاب کرانے کیلئے پیر تک مہلت دے دی ۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس امیر بھٹی نے عمران ریاض بازیابی کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس امیر بھٹی نے پوچھا کہ بتائیں کیا پیش رفت ہے؟
آئی جی پنجاب نے جواب دیا کہ عدالتی احکامات پر میٹنگز کر رہا ہوں کل بھی ملاقاتیں کیں، جو بھی جیو فینسنگ میں آرہے ہیں انکا ریکارڈ چیک کر رہے ہیں۔جیل افسر اور آئی جی پنجاب ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں .صحافی عمران ریاض کی بازیابی کیس ،عدالت کی آئی جی پنجاب کو کل تک کی مہلت
جیل حکام نے کہا کہ جیل کے باہر کی سکیورٹی کی ذمہ داری پولیس کی ہے۔آئی جی نے معاملہ جیل حکام پر ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم ہر وقت جیل کے باہر تو نہیں ہوسکتے۔چیف جسٹس امیر بھٹی نے کہا کہ پولیس تو سوئی ہوئی ہے۔عدالت نے آئی جی پنجاب کو پیر تک عمران ریاض کو بازیاب کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔


