اسلام آباد(ای پی آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو قانون کے مطابق پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ میں کسی کی حب الوطنی پر شک نہیں کرتا لیکن 9 مئی کو آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کی نیت اور ان کے اس مٹی سے رشتے پر سوالیہ نشان نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کے پاس اقتدار آتا جاتا رہتا ہے لیکن ہم نے کبھی افواج پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے پر سوالیہ نشان نہیں بنایا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ساری قوم متحد ہوکر افواج پاکستان کا اظہار تشکر کرے اور اس رشتے کو مضبوط بنائے، فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو قانون کے مطابق پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے وزیرِ دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں سیالکوٹ میں ریلی نکالی گئی۔وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے ریلی کے ہمراہ چونڈہ میں یادگار شہدا پر حاضری دی۔خواجہ آصف نے چونڈہ میں شہدا کی قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتخہ خوانی کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم آج شہدا کی یادگار پر آئے ہیں، یہاں پر بہادری سے ہندوستانی فوج کو شکست دی، جنہوں نے وطن عزیر کے دفاع میں قربانی دی ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایک سیاسی رہنما اور لیڈر افواج کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، افواج کو ٹارگٹ کرنے میں وہ بیرونی افراد کو بھی شامل کر رہے ہیں، عوام جس طرح افواج سے محبت کرتی ہے اس کا اظہار اس طرح کیا جائے۔خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ جو 9 مئی کو ہوا اس کا تاثر زائل کیا جائے، آج بھی ہمارے افواج چٹان کی طرح کھڑی ہے، فوجی جوان وطن عزیز کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں، افواج پاکستان کی قربانیوں کے اعتراف میں اظہارِ یکجہتی کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم کے اتحاد کی ضرورت ہے، اقتدار کو یہ لوگ دوبارہ اپنے قبضہ میں لینا چاہتے ہیں، 22 کروڑ عوام، شہدا کے اہلخانہ اس مٹی سے ان کی محبت کسی لالچ سے مشروط نہیں، میں ایک دفعہ پھر ان لازوال قربانیوں اور نشان حیدر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ان کا کہنا ہے کہ آخر میں تمام شرکا کا مشکور ہوں اس یادگار پر تجدید عہد کرنے آئے، 9 مئی کو پاکستان کے وجود پرحملہ کیا گیا تھا، ایک شخص نے صرف اپنے اقتدار کے لیے یہ حملہ کیا، جی ایچ کیو پر حملہ ہندوستان کے مقاصد میں شامل ہے۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ جب ایک ٹولہ مقدس یادگاروں پرحملہ کرے تو شہدا کے خاندانوں پر کیا گزر رہی ہو گی، میں کبھی کسی کی وفاداری پر شک نہیں کرتا، لیکن 9 مئی کو جنہوں نے حملہ کیا مجھے ان کی نیت پر شک ہے۔دوسری جانب آج بھی ملک کے مختلف شہروں میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ کمالیہ میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مسیحی برادری نے کرسچن کالونی تا میونسپل کمیٹی چوک تک ریلی نکالی۔


