لاہور(ای پی آئی ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق اجلاس ۔
تفصیلات کے مطابق موجودہ ملکی صورتحال پر مشاورت کےلئے وزیر اعظم شہباز شریف کے زیرصدارت اجلاس ہوا اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء اور وفاقی افسران شریک ہوئے جبکہ اجلاس میں نگران پنجاب حکومت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق گرفتاریوں اور کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی، وفاقی حکومت کی جانب سے بھی کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ عسکری تنصیبات پر حملوں کے مقدمات قانون کے مطابق فوجی عدالت میں چلیں گے۔ 9 مئی کو عمران نیازی کے حکم پر جتھوں نے دہشت گردی کی، عمران نیازی نے وہ کر دکھایا جو 75 سال میں دشمن نہ کرسکا تھا، 9 مئی کے واقعات ہمیں ہمیشہ ذہنی کوفت میں مبتلا رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی کرنے والے بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، اکسانے، نعرے لگانے اور توڑ پھوڑ میں ملوث کوئی شخص نہیں بچے گا۔


