اسلام آباد(ای پی آئی) حکومت 25مئی کویوم تکریم شہدا پاکستان منائے گی اس دن کو منانے کا مقصد شہدا کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے، قوم کو پیغام دینا ہے شہدا، ان کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔
25 مئی کو شہدا پاکستان کی بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے دن منایا جائے گا، ملک بھر میں شہدا کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعائیں ہوں گی جبکہ افواجِ پاکستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یادگارِ شہدا پر سلامی دی جائے گی۔
جی ایچ کیو، ایئر اور نیول ہیڈکوارٹرز اور دیگر متعدد یادگار شہدا پر تقریبات ہوں گی جبکہ صوبائی دارالخلافہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہدا پر تقریبات ہوں گی۔


