اسلام آباد(ای پی آئی )وفاقی حکومت کی جانب آڈیو لیک معاملے پر بنائے گئے 3 رکنی جوڈیشل کمیشن کے حکم پر وفاقی حکومت نے آڈیوز فراہم کر دیں ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق پر مشتمل قائم 3 رکنی انکوائری کمیشن آڈیوز لیک کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے اس حوالے سے اپنے پہلے اجلاس میں انکوائری کمیشن نے وفاقی حکومت سے آڈیوز کا مکمل ریکارڈ طلب کیا تھا۔

انکوائری کمیشن کے احکامات پروفاقی حکومت کی جانب سے آڈیوز فراہم کر دی ہیں ۔جبکہ آڈیوز کیساتھ ٹرانسکرپٹ بھی مجاز افسر کے دستخط سے جمع کروا دیا گیا ہے ۔8 آڈیوز کمیشن کو جمع کرائی گئی ہیں۔آڈیوز میں شامل اہم شخصیات کے نام، عہدے، پتے،، ٹرانسکرپٹ اور رابطہ نمبر شامل ہیں۔ وفاقی حکومت نے اٹارنی جنرل آفس کے ذریعے تمام تررپورٹ جمع کروائی ہے۔

رپورٹ جمع ہونے کے بعد متعلقہ شخصیات کو طلبی کے نوٹسز جاری کئے جائیں گے تاکہ ان کے بیان ریکارڈ کئے جاسکیں اور کمیشن اپنی کارروائی کو آگے بڑھا سکے۔