راولپنڈی(ای پی آئی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی شہدا کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پاکستانی قوم شہدا اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض رہے گی۔

یوم تکریم شہدا کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہدا ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، آج پوری قوم کیلئے ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شہدا پاکستان ہمارے ہیرو اور ملک کا عظیم اثاثہ ہیں، شہدا کی لازوال قربانیاں وطن عزیز کی آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ رہیں گی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، ریٹائرڈ فوجی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔