اسلام آباد (ای پی آئی ) ملک بھر میں توڑ پھوڑ ،جلائو گھیرائو اور انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت درج مقدمات میں نامزد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان،بشریٰ بیگم سمیت 600سے زائد افراد کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کر دیئے گئے ۔

ذرائع کے مطابق 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ واقعات میں ملوث ہونے کے تناظر میں تمام نام ڈالے گئے ہیں،جن افراد کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں ان سے زائد سابق ارکان اسمبلی، عہدیداروں کے نام نوفلائی لسٹ میں شامل ہے۔

بیرون ممالک جانے سے روکنے کیلیے نام ایف آئی اے کی پی این آئی ایل میں ڈالے گئے۔گزشتہ 3 روز میں بعض عہدیداروں نے بیرون ممالک جانے کی کوشش بھی کی، بیرون ممالک جانے کی کوشش کرنے والے پی ٹی آئی ارکان، عہدیداروں کو ہوائی اڈوں پر روکا گیا۔

اسی طرح مراد سعید، ملیکہ بخاری، فواد چوہدری، حماد اظہر کا نام بھی نو فلائی لسٹ میں شامل ہے۔قاسم سوری، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال اور اسد قیصر کا نام بھی نو فلائی لسٹ میں شامل کردیا گیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق بیرون ممالک سفر سے روکنے کیلیے نام پولیس، سی ٹی ڈی، خفیہ اداروں نے ارسال کیے۔