اسلام آباد (ای پی آئی)وفاقی حکومت کی جانب سے آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لئے تشکیل دیئے گئے 3 رکنی تحقیقاتی کمیشن کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر کی جانب سے دی گئی درخواستوں پر چیف جسٹس آف پاکستان عمرعطابندیال نے لارجربینچ تشکیل دیدیا ۔
5 رکنی بینچ آج سماعت کرے گا تفصیلات کے مطابق آڈیولیکس کمیشن کے خلاف درخواستوں پر لارجربینچ تشکیل ،چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی لارجربینچ کل آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف درخواست سنے گا۔
جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر اور جسٹس شاہد وحید بینچ میں شامل ہوں گے،جسٹس حسن اظہر رضوی بھی پانچ رکنی لارجر بینچ کا حصہ ہوں گے۔خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی آڈیولیکس کی تحقیقات کیلئے بننے والے جوڈیشل کمیشن کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ چیف جسٹس کی اجازت کے بغیر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نہیں ہوسکتی اور اس کے لیے کسی جج کو بھی نامزد نہیں کیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ آڈیو لیکس کے معاملے پر وفاقی حکومت نے 3 رکنی جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا ہے، سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم کمیشن میں بلوچستان ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس شامل ہیں، کمیشن نے آڈیوز طلب کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔


