کراچی(ای پی آئی) سیاسی اور عسکری قیادت اپنے اپنے حصے کا کام کرے، جمہوری قدروں کا احترم کیا جاتا تو حالات یہ نہ ہوتے، کوئی کسی جماعت کو ختم نہیں کررہا، جو جماعت خود کو ختم کرنا چاہتی ہے اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا
ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعظم اور سینئر رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انھوں نے کہا کہ قرضہ لے کر عوام کو ریلیف دے سکتے ہیں مگر آج کا ریلیف کل کا بوجھ ہوتا ہے ، چیف جسٹس کا کام مشورہ دینا نہیں فیصلے کرنا ہے، سارے جھوٹے مقدمے عدالتوں میں موجود ہیں، کیا سپریم کورٹ کو نظر نہیں آرہا نیب کیا کررہا ہے۔ عدالت نے پٹیشنز کو منظور کرلیا، پہلے دن سے درخواست تھی اور آج بھی ہے کہ اس کیس کو چلایا جائے، نہ نیب آتی ہے نہ گواہ آتے ہیں، یہ نئے چئیرمین نیب کیلئے سوال ہے کہ جعلی کیس کا ازالہ کیسے کریں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ وہ کیس ہے جس کے شروع ہونے سے پہلے ہی سندھ ہائیکورٹ میں فیصلہ دے دیا گیا تھا، ہم سب کا وقت ضائع ہوگیا مگر ایسا ظاہر کیا گیا جیسے بہت بڑا کیس ہے، جعلی اور جھوٹے کیسز بناتے ہیں اعتراف تو کریں غلطی ہوگئی تھی، بار بار کہتا ہوں کہ اگر نیب کا ادارہ رہے گا تو پاکستان کمزور ہوگا۔۔


