اسلام آباد (ای پی آئی ) القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 3 دن کی توسیع کر دی احتساب عدالت سے رجوع کرنے کا حکم .

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی سربراہی میں جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل 2 رکنی ڈویژن بینچ نے القادر ٹرسٹ میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔عمران خان اپنے وکلا خواجہ حارث و دیگر کے ساتھ عدالت پیش ہوئے اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل، لا افسران اور نیب قانونی ٹیم بھی عدالت میں پیش ہوئی۔

خواجہ حارث نے عدالت کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، درخواست گزار کی پیشی پر سیکورٹی مسائل بھی ہیں اور ان کے آنے پر کروڑوں روپے سیکیورٹی کے نام پر خرچ ہوتے ہیں۔جسٹس میاں گل اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا آپ نیب کے سامنے شامل تفتیش ہوئے ؟

جس پر خواجہ حارث نے بتایا کہ نیب کے سامنے ہم شامل تفتیش ہوچکے ہیں۔چنانچہ عدالت عالیہ نے عمران خان کی تین روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 3 ورکنگ دنوں میں احتساب عدالت سے رجوع کرنے کا حکم بھی دیا۔