لاہور(ای پی آئی ) گذشتہ روز کرپشن کیس میں گرفتار ہونے والے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر کو پولیس نے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لئے عدالت میں پیش کردیا ۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا۔

اس سارے فساد کی جڑ محسن نقوی ہے یہ ظلم وہی کروا رہے ہیں۔ میں نے کسی پر کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ برا کررہے ہیں اور برا ہی بھگتیں گے۔

میں پی ٹی آئی میں ہوں اور اس میں ہی رہوں گا کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ میںپی ٹی آئی کارکنوں کو پیغام دیتا ہوں پیچھے نہیں ہٹنا تگڑے ہوجائیں آپ حق پر ہیں۔

دوسری جانب پرویز الٰہی کو ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے مقدمے میں لاہور کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔

سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ چوہدری پرویز الٰہی سے تفتیش کرنا ہے۔ انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے خزانے کو نقصان پہنچایا۔ چوہدری پرویز الٰہی کو مبینہ کرپشن کیس میں کل گرفتار کیا گیا تھا۔