کراچی(ای پی آئی)امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی صورتحال بہت بدتر ہے، کراچی کو اس وقت 10ہزار بسوں کی ضرورت ہے، کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی صورتحال بہت بدتر ہے، سہراب گوٹھ جہاں مویشی منڈی لگی ہے وہاں سے شکایات آ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عید قربان کے لیے لوگ جا رہے ہیں لیکن وہاں کچھ انتظامات نہیں۔حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز احسن آباد کے قریب یونیورسٹی پوائنٹ کو روک کر لوٹ مار کی، افسوس ناک واقعہ ہے، سندھ میں حکومت پی پی کی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ 15 سالوں میں انہوں نے اس صوبے کو یہ تحفظ دیا ہے، کراچی میں جب داخل ہوتے ہیں تو بڑی تعداد میں تجاوزات نظر آتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اس شہر میں ٹرانسپورٹ سسٹم بھی درست نہیں ہے، کراچی کو اس وقت 10ہزار بسوں کی ضرورت ہے، ایک ہی بس کا افتتاح مختلف ناموں سے کر دیتے ہیں، ٹرانسپورٹ کی مد میں بجٹ کا حساب ہمیں چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 15جون کو میئر کا انتخاب ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی نے میئر کے لیے نام دے دیا ہے، قانون تھا کہ ہاس میں میئر منتخب ہو گا تو آپ نے ترمیم کر دی، آپ نے ترمیم کی کہ کوئی رکن نہ بھی ہو تو میئر بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے شیڈول کے بعد اس طرح کے قانون پاس کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے پی پی کو پورا موقع فراہم کیا۔


