اسلام آباد (ای پی آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ ، انسداد دہشت گردی عدالت ، سیشن کورٹ سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مجموعی طور پر 19 مقدمات میں ضمانت مل گئی ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کی دس مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنے کا حکم دیدیا جبکہ عدالت عالیہ نے اسلام آباد کے 9 مقدمات میں پانچ روزہ اورکوئٹہ میں درج وکیل کے قتل کے مقدمہ میں چودہ روز کی حفاظتی ضمانت منظور کی ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین تحریک انصاف کی 9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سنگل بنچ میں سماعت کی۔وکیل سلمان صفدر نے دلائل دئیے کہ اِسی ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کو ضمانت کی ایک درخواست پر متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ایف ایٹ کچہری کی بجائے جی الیون جوڈیشل کمپلیکس میں کرنے کا حکم دیا تھا۔ دیگر کیسز میں بھی وہی حکم جاری کر دیں،
عدالت نے ریمارکس دیے کہ کچہری منتقلی میں تو ہفتہ دس دن لگ جائیں گے، ہم حفاظتی ضمانت دیتے ہیں آپ متعلقہ عدالت سے رجوع کر لیں، عدالت نے 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کو جوڈیشل کمپلیکس میں ہی متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیدیا ہے.
کوئٹہ میں وکیل کے قتل کے ایک مقدمہ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی. چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل نے تین ہفتوں کی حفاظتی ضمانت کی استدعا کی جبکہ عدالت نے چودہ روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے کوئٹہ کی متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیدیا۔


