اسلام آباد(ای پی آئی ) چیئرمین پی ٹی آئی کے پیدا کردہ سیاسی عدم استحکام نے معیشت کو نقصان پہنچایا، معاشی ترقی کاانحصار سیاسی استحکام پرہے ان خیالات کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا ۔
انھوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد ریلیف اور بحالی، گلوبل سپلائی چین میں رکاوٹوں اور جیوسٹریٹجک تبدیلیوں سے پیدا ہونیوالے چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے نئے مالی سال کا بجٹ بنانا ایک مشکل کام تھا۔ ، حالیہ بجٹ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز اور بحرانوں سے نبرد آزما ہونے کا آغاز ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت نے بجٹ بنانے کیلئے ایسے شعبوں کو ترجیح میں رکھا جن کے ذریعے اقتصادی ترقی تیز ہو، سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہو اور ملکی معیشت کو خودکفیل بنایا جا سکے، بجٹ میں کم سے کم اجرت کو بڑھا کر 32 ہزار روپے کر دی گئی ۔
شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کے اثرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو تنخواہوں میں بالترتیب 35 اور ساڑھے 17 فی صد تک اضافہ کر کے ریلیف فراہم کیا ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کو اصلاحات کی اشد ضرورت ہے، معاشی ترقی کا براہ راست تعلق سیاسی استحکام سے ہے، چارٹر آف اکانومی ہی عوامی خوشحالی کے لئے آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔


