لاہور (ای پی آئی ) 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری پر دوران احتجاج توڑ پھوڑ اور جلائو گھیراؤ کے مقدمات میں ملوث گرفتار 15 ملزمان کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں پر انسداد دہشت گردی عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا ،ملزمان کو رہا کرنے کا حکم ۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس میں 15 ملزمان کی درخواست ضمانت پر عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔تحریک انصاف کارکنان کے خلاف 9 مئی کو پولیس کی گاڑیاں جلانے اور توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز بٹر نے کی۔
عدالت نے 15 ملزمان کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض 15 ملزمان کی ضمانتیں منظور کر لیں۔واضح رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوا تھا جس کے دوران مظاہرین کی پولیس سے شدید جھڑپیں اور جلاؤ گھیراؤ ہوا تھا، پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں گرفتاریاں کی تھیں۔


