لاہور (ای پی آئی ) تحریک انصاف کی حکومت نے ان تمام منصوبوں پر کام روکا جو چین کے تعاون سے شروع کیے گئے تھے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم میاں شہباز شریف نےلاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ملک کے وسیع تر مفاد میں سی پیک منصوبہ شروع کیا تھا لیکن سابق حکومت نے اس منصوبے کو تباہ کرنے کی بھرپور کوشش کی ، نواز شریف کے دور میں ملک میں سڑکوں کا جال بچھایا گیا لیکن بدقسمتی سے منصوبوں پر کام بند کروا کر ہم پر نیب کے کیس بنائے گئے،
انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کا بدلہ لیا گیا۔ پی ٹی آئی والے جب تک حکومت میں تھے انہوں نے سیاسی مخالفین کو بد ترین انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا اور جب یہ لوگ حکومت سے باہر نکلے تو انہیں نے سانحہ نو مئی کردیا، اس روز ملک میں جو کچھ ہوا اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ،
انھوں نے کہا کہ ملک میں موجود دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی بہت کچھ ہوتا رہا ، پیپلزپارٹی کے قائد کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا ، ن لیگ کی قیادت کو زبردستی جلا وطن کیا گیا لیکن کبھی کس جماعت کے کارکنوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کیے اور نہ ہی شہداء کی یاد گاروں کا نقصان پہنچایا ، ان مجرمانہ اور شرپسندانہ کارروائیوں میں ملوث تمام افراد کو سزا ضرور ملے گی۔


