اسلام آباد (ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اینٹی کرپشن کی جانب سے اپنی بہن اور بہنوئی کے خلاف تحقیقات شروع کرنے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سنگین الزامات عائد کر دیئے ۔

جس پر اینٹی کرپشن ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن اور بہنوئی کے خلاف الزامات حقیقت پر مبنی ہیں۔

جھوٹے الزامات یا بدزبانی سے حقیقت نہیں جھٹلائی جا سکتی، اینٹی کرپشن نے کبھی نہیں کہا کہ عظمیٰ خان نے نومبر 2021 میں زمیں خریدی۔ترجمان نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ مارچ 2022 میں زمین کے انتقالات ہوئے، نومبر 2022 میں زمین مالکان نے زبردستی بے دخلی پر جسٹس آف پیس کو درخواست دی۔

درخواست گزار نے عظمیٰ خان اور ان کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی۔ زمین مالکان نے الزام لگایا کہ ملزمان نے انہیں زبردستی ملکیتی زمین سے بے دخل کر رہے ہیں۔

جسٹس آف پیس نے عظمیٰ خان اور ان کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ترجمان نے مشورہ دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اپنے بہن اور بہنوئی کو مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے پر زور دیں۔

ان کی بہن کے پاس دفاع میں ثبوت ہیں تو تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش کریں۔ اینٹی کرپشن کرپٹ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا۔