کراچی (ای پی آئی ) غیر حتمی ،غیر سرکاری نتائج کے مطابق میئر کراچی کا تاج پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کے سر سج گیا ،
غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب نے 173 ووٹ حاصل کئے جن میں پیپلزپارٹی کے 155 کے علاوہ اتحادی جماعتوں ن لیگ کے 14 ووٹ جبکہ جے یو آئی کے 4 ووٹ شامل ہیں ۔ جبکہ ان کے مقابلے میں جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم پی ٹی آئی کی جانب سے حمایت کے باوجود 161 ووٹ حاصل کر سکے ۔
واضح رہے کہ میئر کراچی کی پولنگ سے قبل جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن نے اپنے 30 ارکان کو لاپتہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا ۔ میئر کراچی کیلئے پولنگ سٹیشن میں ووٹنگ مکمل ہوئی تو جماعت اسلامی کی جانب سے سخت نعرے بازی کی گئی، جس پر شور شرابے کا ماحول دیکھنے میں آیا۔ جبکہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنان بھی آمنے سامنے آ گئے۔
تاہم سیکیورٹی پر مامور پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے سیکیورٹی کو مکمل کنٹرول کئے رکھا اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آیا


