لاہور (ای پی آئی)ہم اپنے 300 پاکستانیوں کا سوگ منا رہے ہیں، لوگ بیروزگاری اور معاشی قتل عام سے بچنے کے لئے یونان کے سمندر میں شہید ہوگئے

ان خیالات کا اظہارسابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا انھوں نے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، جب 20کلو آٹے کا تھیلا 3000روپے کا ہوگا تو لوگ زہر کا گھونٹ پینے پر مجبور ہوں گے، معاشی، اقتصادی اور سیاسی تباہی، کارخانے بند، کاروبار بند، کسی کو کچھ سمجھ نہیں آ رہی کہ اس اندھیرے سے کس طرح نکلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9مئی کے واقعہ کی ساری قوم نے مذمت کی ہے، خدا کیلئے اس قوم کو زندہ رہنے کا حق دو، لوگوں کے گھروں میں ایک وقت کا کھانا ہے، قومیں عوام سے ہوتی ہیں، قومیں جوش، جذبے، ولولے سے زندہ رہتی ہیں، اس قوم کو جذبہ اور امید دیں نا امیدی نہ دیں، پاکستان قیامت تک زندہ رہے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بجٹ میں سب جھوٹ بولا گیا ہے، اسحاق ڈار، نوازشریف اور شہبازشریف کے بیانات نہیں مل رہے، نوازشریف آپ آ جائیں آپ کو پتہ لگے گا کہ لوگ کس حالت میں پہنچ چکے ہیں، آنے میں دیر نہ کریں،

انھوں نے کہا کہ میری اداروں سے درخواست ہے کہ اس پاکستان کو اندھیروں سے نکالیں، اس پاکستان کو اجالے میں لے کر جائیں، امید دلائیں۔سابق وزیر نے مزید کہا کہ نوجوان ڈپریشن اور دبائو کا شکار ہو چکا ہے، گھروں میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے، آئیں سب مل کر پاکستان کو آگے لے کر چلیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان ہماری پہچان ہے۔