اسلام آباد(ای پی آئی) یونان کشتی حادثے میں 300 پاکستانیوں کی شہادت کے افسوسناک واقعہ کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے تحقیقات کیلئے قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کر دیا۔

تحقیقاتی کمیٹی لاہور اور کراچی میں گرفتار ایجنٹوں سے متعلق جانچ پڑتال کرے گی، تحقیقاتی کمیٹی نے ایف آئی اے سے بھی ریکارڈ طلب کر لیا۔قبل ازیں وزیر اعظم نے کشتی حادثے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کیلئے 4 رکنی اعلی سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دی تھی،

کمیٹی کے چیئرمین ڈی جی نیشنل پولیس بیورو احسان صادق ہیں۔وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری(افریقہ)جاوید احمد عمرانی، آزاد جموں و کشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیر احمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری (ایف آئی اے)فیصل نصیر بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

خصوصی کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع، انسانی سمگلنگ کے پہلو کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی، کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کرے گی جس کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔