اسلام آباد (ای پی آئی)پناہ گزینوں کے عالمی دن 20 جون 2023 ء کے موقع پر صدر مملکت عار ف علوی نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں پناہ گزینوں کی ایک بڑی آبادی کا میزبان ہے،

انھوں نے کہا کہ پناہ گزینوں کا عالمی دن ہمیں لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے گزشتہ 40 سالہ نمایاں کردار کی یاد دلاتا ہے ،محدود وسائل کے باوجود ایک کثیر تعداد میں بے گھر افراد کو پناہ دینے کے بے مثال پاکستانی اقدامات ہمارے بھائی چارے اور ہمدردی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ایک کثیر تعداد میں بے گھر افراد کو پناہ دینے کے بے مثال پاکستانی اقدامات ہمارے بھائی چارے اور ہمدردی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ہر سال 20 جون کو یہ دن منانے کا مقصد مشکل گھڑی میں پناہ گزینوں کی مدد کیلئے ہمارے عزم اور ان کو درپیش مشکلات کو اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام اور حکومت نے درپیش چیلنجز اور کم وسائل کے باوجود انسانی بنیادوں پر کھلے دل سے پناہ گزینوں کی مدد کی۔ افغان مہاجرین کی میزبانی کا بوجھ بانٹنے کیلئے ابتدائی طور پر پاکستان کو عالمی برادری کی جانب سے مالی مدد ملی، مگر وقت کے ساتھ ساتھ یہ امداد گھٹتی رہی۔ تاہم ، مہاجرین کی فلاح و بہبود اور ان کی رضاکارانہ وطن واپسی کا پاکستان کا عزم اور ارادہ غیر متزلزل رہا۔ یہ امر قابل ِذکر ہے کہ 40 سال گزرنے کے باوجود مہاجرین اور مقامی افرادکے مابین کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا جو کہ پرامن بقائے باہمی اور باہمی احترام کی بڑی مثال ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اپنی جانب سے پناہ گزینوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی ہے۔ ان کیلئے ایک باقار زندگی کی تعمیر ِنو کی خاطر پاکستان نے تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی فراہم کی اور بینک اکاؤنٹس اور دیگر مواقع کی فراہمی کیلئے پالیسیاں متعارف کرائیں۔

مزید برآں، ہم اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین اور دیگر انسانی فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتیرہے ہیں تاکہ ہماری سرحدوں کے اندر مقیم پناہ گزینوں کو ضروری امداد اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ افغان مہاجرین کو علم اور ہنر سے آراستہ کرنے کیلئے ہم نے جامع تعلیمی پروگرام متعارف کرائے اور اس بات کو یقینی بنایا کہ پناہ گزین بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو۔

انہوں نے کہاکہ پناہ گزینوں کے اس عالمی دن پر، ہم اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین اور دیگر بین الاقوامی تنظمیوں سمیت ان تمام افراد کا تہہ ِدل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ان کی امداد کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔ آئیں ، رحمدلی، ہمدردی اور شمولیت کی ان اقدار کو تھامے رکھیں جو بحیثیتِ قوم ہماری پہچان ہیں۔