اسلام آباد(ای پی آئی ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں محفوظ فیصلہ سنا دیا پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے دائر اعتراضات مسترد چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ ۔ تفصیل کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان ، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی۔الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں 6 جون کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا تے ہوئے اعتراضات مسترد کر دیئے ۔دوران سماعت فریقین کی جانب سے وکیل فیصل چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس توہین عدالت کی کارروائی استعمال کرنے کا اختیار ہے۔دوران سماعت، وکیل فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا گزشتہ سماعت کا کوئی آرڈر موصول نہیں ہوا۔ ممبر نثار درانی نے کہا کہ فریقین آج بھی الیکشن کمیشن پیش نہیں ہوئے۔الیکشن کمیشن نے چارج فریم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کر دی۔


