اسلام آباد(ای پی آئی ) سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کی بازیابی کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی بازیابی کے لئے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کرنے کی استدعا،

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان 6 روز سے لاپتہ ہونے کے بعد ان کے بھتیجے سعید خان کی جانب سے بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے ۔

درخواست گزار سعید خان نے وکیل قاسم ودود کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے وزارت دفاع، وزارت قانون، نیب، آئی جی، ایف آئی اے اور ایس ایچ او کوہسار کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 15 جون شام تقریباً سات بجے اعظم خان گھر سے باہر نکلے تب سے لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش کے لیے مختلف فورمز پر ہر ممکن کوشش کی لیکن نہیں ملے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے بھی ماضی میں اعظم خان کو ہراساں کرتی رہی ہے جبکہ نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں بطور گواہ اعظم خان کو طلب کیا ہے،استدعا کی گئی ہے کہ اعظم خان کی بازیابی کے لیے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کیے جائیں۔