اسلام آباد(ای پی آئی ) 9 مئی کو چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرتشدد ہنگاموں ،جلائو گھیراؤکے مقدمات میں نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی جانب سے ضمانت کی درخواستیں عدالت نےمسترد کر دیں۔

دونوں رہنما پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کے خلاف تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں ضمانت کی درخواستوں کی سماعت ہوئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ضمانت مسترد ہونے پر پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اور اسد عمر ایچ ایٹ کچہری سے فرار ہوگئے۔

ایڈیشنل سیشنز جج طاہر عباس سپرا نے درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اسد عمر، اسد قیصر اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کا فیصلہ سنایا ۔ضمانت مسترد ہونے پر شاہ محمود قریشی اور اسد عمر گرفتاری سے بچنے میں کامیاب ہوگئے اور فوری طور پر دونوں رہنما ایک ہی گاڑی میں بیٹھ کر ایف ایٹ کچہری سے فرار ہوگئے۔

دونوں رہنماؤں کے فرار ہونے کی ویڈیو سامنے آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں رہنما تیز تیز چلتے ہوئے گاڑی میں بیٹھے اور فوری طور پر وہاں سے چلے گئے۔