اسلام آباد (ای پی آئی ) نو مئی واقعات میں ملوث افراد کے خلاف ملٹری کورٹس میں مقدمات چلانے کے حکومتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر دراخواستیں سماعت کے لئے مقرر کر دیں گئیں ،

سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ کل صبح 11 بجکر 45 منٹ پردرخواستوں پر سماعت کرے گا،

فوجی عدالتوں کیخلاف درخواستیں سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ، اعتزاز احسن اور دیگر نے دائر کی تھیں۔لارجر بینچ میں نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحیٰی آفریدی، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک شامل ہیں۔

فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کے ٹرائل کیخلاف 4 درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہیں، سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواستوں پر کوئی اعتراض بھی عائد نہیں کیا گیا، چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے درخواستوں کو نمبر لگانے کی منظوری دی۔