لاہور(ای پی آئی )منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے حاضری سے استثنی کی درخواست منظور ،
تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت ہوئی عدالت میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی جسے منظور کرتے ہوئے ، ہارون یوسف اور شامل تفتیش دیگر افراد کی طلبی بھی موخرکر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ سے متعلق ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج قمر الزماں کے سامنے ہوئی۔
نیب نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ سلیمان شہباز، ہارون یوسف اور طاہر نقوی کیخلاف شواہد نہیں ملے، عدالت نے ہارون یوسف اور شامل تفتیش دیگر افراد کی طلبی موخرکردی۔
حمزہ شہباز نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی جس میں کہا کہ کمر کی تکلیف کے باعث پیش نہیں ہو سکتا، عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے کارروائی 5 جولائی تک ملتوی کردی۔


