اسلام آباد (ای پی آئی) وفاقی دالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کر نے سے عام انتخابات پر اثرپڑیگااور پیچیدگی ہو گی۔

الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ نو مئی کے بعد ملک میں انتخابات کیلئے ماحول سازگار بنایا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور صاف و شفاف ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ عام انتخابات بھی قریب ہیں اور ایسے وقت میں بلدیاتی انتخابات جنرل الیکشن پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن )اور پیپلز پارٹی میں اختلافات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اختلاف جمہوریت کا حسن ہے ، مختلف مسائل پر دونوں جماعتوں کا اپنا اپنا نکتہ نظر ہے۔

نواز شریف کہ وطن واپسی کے حوالے سے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میاں نواز شریف آئندہ عام انتخابات سے پہلے وطن واپس آئیں گے اور مسلم لیگ (ن )کی انتخابی مہم کی سربراہی کریں گے۔