راولپنڈی(ای پی آئی ) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ 50 غیر ملکی دورے کرنے والی لیپسٹک خارجہ پالیسی بری طرح ناکام ہوگئی۔
دہشتگردی کے خلاف ہمارے فوجی جوان جان دے رہے ہیں، ہمیں دہشتگردی کی لائن میں کھڑا کر دیا، زرداری 100 بلین ڈالر کی بات کرتا ہے، ہمارے پاس 3 بلین رہ گئے، آئی ایم ایف کے 5 دن رہ گئے حواس باختہ ڈار صحافیوں کو طمانچے مارتا ہے، ملک میں معاشی، سیاسی اور اقتصادی تباہی ہوگئی۔
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم، وزیر خارجہ سیر و سیاحت کمپنی کی مشہوری کے دوروں پر ہیں، عدالت میں کیس بعد میں جاتا ہے حکومت عدالت پر پہلے حملہ آور ہو جاتی ہے، حکومت کا 7 ججوں کو نہ ماننا توہین عدالت ہے، اگر الیکشن وقت پر نہ ہوئے تو پھر کچھ نہیں کہہ سکتے کہ ملک میں کیا ہوگا، 13 اگست اسمبلیوں کی ریڈ لائن ہے، ستمبر ستمگر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 13 جماعتوں کی سیاسی لاشیں الیکشن سے خوف زدہ ہیں، عوام کے مسترد چہروں کو دوبارہ مسلط کیا جا رہا ہے، انہوں نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا نہیں قریب پہنچایا ہے، ہتھکڑی خواتین کی تضحیک، چادر اور چار دیواری کی تباہی یہ ان کی جمہوریت ہے، ملک سنگین ترین بحران میں داخل ہو گیا ہے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری بند، بیروزگار نوجوان یونان کے سمندر میں، مہنگائی، لوڈشیڈنگ آسمان پر اشرفیاں موج میلہ کر رہے ہیں، غریب کا کوئی پرسان حال نہیں الیکشن یا سلیکشن فیصلہ ہونا ہے، اب اللہ اور عدلیہ سے ہی آخری اُمید ہے، حکومت کا مسائل پر نہیں تقریروں اور تصویروں پر زور ہے، عوام کو مزید بےوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔


