اسلام آباد(ای پی آئی )پارٹی قیادت کی نامناسب پالیسیوں سے مایوس ہوکرپاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کےدرجنوں کارکنان پارٹی چھوڑکر پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے،

اس موقع پر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر اور ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یاسین بھی موجود تھے،اس موقع پر صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یٰسین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مودی کے ساتھ ملکر کر مسئلہ کشمیر کو بہت نقصان پہنچایا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر سے نام بھی مٹ رہا ہے،

انھوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے پاکستان کو آئین پاکستان، پاکستان اسٹیل ملز اور سب سے بڑھ کر اٹیمی پروگرام دیا جس کے باعث آج وطن عزیز کی طرف کوئی بھی دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرآت نہیں کر سکتامگر05 جولائی 1977ء کو ایک ڈکٹیٹر نے ایک منتخب حکومت پرشب خون مار کر ذوالفقار علی بھٹو کو اقتدار سے علحٰیدہ کیا مگر وہ انہیں عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکے،

انھوں نے کہا کہ شہید بھٹو کا نام آج بھی زندہ ہے مگر انہیں پھانسی لگانے والوں کا نام ونشان تک مٹ چکا ہے،چوہدری محمد یٰسین نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے کشمیری آج بھی آزادی کے نعرے لگاتے ہیں اور شہید ہونے کے بعد پاکستانی پرچم میں دفن ہونا پسند کرتے ہیں،

انھوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مسئلہ کشمیر کو ایک بار پھر پاکستان کی خارجہ پالیسی میں شامل کرکےاسے دنیا کی توجہ کا محور و مرکز بنا دیا ہے، اتحادی حکومت نے آزاد کشمیر کی ترقی کی ترقی کا رکا ہوا سفر دوبارہ شروع کر دیا ہے،

انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ یونان کشتی حادثہ میں شہید ہونے والے کشمیریوں کے گھروں کی کفالت کا ذمہ اٹھائے، اس موقع پر پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے کارکنوں کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نہ صرف ایک سیاسی جماعت بلکہ ایک خاندان کی مانند ہے