اسلام آباد(ای پی آئی )چیئر مین پاکستان نظریاتی پارٹی شہیر حیدرسیالوی نے سویڈن مین قرآن مجید کی بے حرمتی کی ناپاک جسارت پر جمعہ کے روز ملک گیر احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام عالم سویڈن کو لگام ڈالیں،
وزیر اعظم پاکستان سویڈن کے سفیر کو ملک بدر ،تمام اسلامی ممالک کو خط لکھیں اور OIC اجلاس طلب کریں، پاکستان کوسویڈن سے تمام سفارتی تعلقات منقطع کر لینے چاہیئے ،ہم اس بد معاشی کوکسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے، پاکستان دنیا کو بتائے کہ ہم غریب اور مقروض ہیں لیکن بے غیرت نہیں ہیں ،
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، شہیرحیدر سیالوی کا مزید کہنا تھا کہ تین برس قبل مودی حکومت نے عید میلاد النبیﷺکے موقع پر تاریخی بابری مسجد کی جگہ مندر بنانے کا اعلان کیا تھا اور اب عیدالالضحٰی کے دن سویڈن میں سرکاری سرپرستی میں مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کی ناپاک جسارت کی گئی،
انھوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی چمپیئن تنظیمیںاور انسانی حقوق کے ترجمان اس وقت کہاں ہیں؟ سویڈن بدمعاشی پر اتر آیا ہے، اقوام عالم اسے لگام ڈالیں ہم اس بد معاشی کوکسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نےمزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان تمام اسلامی ممالک کو خط لکھیں اور OIC اجلاس طلب کریں ۔ معاملے کو اسلامی سربراہی اجلاس اور اقوام متحدہ میں پہنچایا جائے یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے، جس پر صرف مذمت کی جائے ، ابھی تک سویڈن کا سفیر ملک بدر ہو جانا چاہیئے تھا،
انھوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کو بتائے کہ ہم غریب اور مقروض ہیں لیکن بے غیرت نہیں ہیں پاکستان کوسویڈن سے تمام سفارتی تعلقات منقطع کر لینے چاہیئے ۔ امت مسلمہ اب ایک نتیجے پر نہ آئی تو کب آئے گی؟ مزید شیر سیالوی کا کہنا تھا کہ اب ہم خاموش بیٹھنے والے نہیں ہیں پاکستان نظریاتی پارٹی بروز جمعہ ملک گیر احتجاج کرے گی احتجاج میں کالج اور مدرسے کا طالب ایک ساتھ نکلیں گے پوری امت مسلمہ میدان میں نکلے اور ایمانی غیرت کا مظاہرہ کرے۔


