اسلام آباد(ای پی آئی )سابق ممبر قومی اقلیتی کمیشن البرٹ ڈیوڈ نے کہا ہے کہ ملک میں امن اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کے لیے اقلیتوں نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے،
اظہار رائے کی آزادی کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ آپ دوسروں کے جذبات مجروح کریں، پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتں بالخصوص پاکستانی مسیحی سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے افسوناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،
سابق ممبر قومی اقلیتی کمیشن البرٹ ڈیوڈ ، ریورنڈ بشپ ندیم کامران بشپ آف لاہور ڈائسس چرچ آف پاکستان اور دیگر پادری صاحبان نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب ایک دوسرے کے عقائد ونظریات کے احترام کا درس دیتے ہیں،
انھوں نے کہا کہ سویڈن میں ہونے والا واقعہ فرد واحد کی گھناؤنی حرکت ہے، ایسے لوگوں کا کسی بھی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، انکا مقصد ایسی حرکات سے انتشار کی فضا پیدا کرنا ہے،
ان کا مزیدکہنا تھا کہ بعض شرپسند عناصر سویڈن میں ہونے والے واقعہ کو مسیحیوں سے جوڑ کر وطن عزیز میں میں مذہبی امن و امان اور بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی افواہیں پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں
انھوں نے کہا کہ ہم ملک بھر کے علماء اکرام اور تمام مذاہب کے مذہبی راہنماؤں سے اپیل کرتے ہیں کہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ انتشار پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ہو ۔
انھوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم کے اعلان کردہ ملک گیر اور بین القوامی احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے اپنے مسلمان بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ایسے وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔


