اسلام آباد (ای پی آئی) انفارمیشن کمیشن نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے ) اسلام آباد میں شہداء کے پلاٹس کی تقسیم سے متعلق معلومات نہ دینے پر ایڈمنسٹریٹر کو شوکازنوٹس جاری کردیا

پاکستان انفارمیشن کمیشن میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی اسلام آباد میں شہداء کے پلاٹس کی تقسیم سے متعلق کیس کی سماعت چیف انفارمیشن کمیشنر شعیب احمد صدیقی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی ۔

گزشتہ سماعت پر ڈی ایچ اے اسلام آباد کی طرف سے یقین دہانی کے باوجود کوئی پیش نہ ہوا تو کمیشن نے ڈی ایچ اے اسلام آباد پر اظہار برہمی کیااور ڈی ایچ اے اسلام آباد کے ایڈمنسٹریٹر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ۔

جس میں کہا گیا ہے کہ کیوں نہ ایڈمنسٹریٹر پیش ہوکر بتائیں کہ کیوں نہ ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

دوران سماعت درخواست گزار برگیڈئیر (ر) قیصر شہزاد خود کمیشن میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ڈی ایچ اے پبلک باڈی ہے، شہداء کے پلاٹس کی معلومات دینا ڈی ایچ اے اسلام آباد کی ذمہ داری ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ اے اسلام آباد کو معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی استثناء حاصل نہیں ہے۔

کمیشن نے شوکازنوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی ۔