اسلام آباد (ای پی آئی ) توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ،سماعت کل 8 جولائی تک ملتوی کردی ۔
گزشتہ روز اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج نے توشہ خانہ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین کو آج حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا تھا۔ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کے سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل گوہر علی خان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ سربراہ تحریک انصاف کے چار وکلا ہیں، وقت ضائع کیا جارہا ہے۔اس پر گوہر علی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل صرف پوائنٹ اسکورنگ کررہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے سینئر وکیل خواجہ حارث ہیں۔
سربراہ تحریک انصاف کے وکیل نے سماعت 10 جولائی تک ملتوی کرنے کی استدعا کی جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں، ان کے وکلا کی نیت ہی دلائل دینے کی نہیں، خواجہ حارث کی کوئی عدالتی مصروفیات نہیں۔
بعد ازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کل 8 جولائی تک ملتوی کردی اور خواجہ حارث کو کل عدالت پیش میں ہونے کی ہدایات کی ہے۔


