کراچی(ای پی آئی ) 2 لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے سیکریٹری محکمہ داخلہ، آئی جی، ڈی آئی جی ملیر، ایس ایس پی ملیر، ایس ایچ او سہراب گوٹھ اور قائد آباد کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
جسٹس آغا فیصل اور جسٹس عبد المبین لاکھو پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو 2 لاپتا شہریوں کی بازیابی کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔
سہراب گوٹھ سے لاپتا شہری حسن گل کے بیٹے اسرار نے بتایا کہ والد کو یکم جولائی کو پولیس کی 2 موبائلوں کے اہلکاروں نے تحویل میں لیا، رابطہ کرنے پر پولیس نے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا،
قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں سے معلومات کی جائیں، والد کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
قائد آباد سے مسماۃ اختیار بی بی نے بتایا کہ 13 جون کو بیٹے عابد کو گھر میں گھس کر پولیس اہلکاروں نے اغوا کیا، بیٹے کی رہائی کے لیے پولیس نے 2 لاکھ روپے طلب کیے، غریب ہوں رقم ادا نہیں کرسکی، پولیس نے بیٹے کو لاپتا کردیا، بار بار رابطے کے باوجود پولیس کچھ نہیں بتارہی، بیٹے کو بازیاب کرایا جائے۔
عدالت نے سیکریٹری محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی، ڈی آئی جی ملیر، ایس ایس پی ملیر، ایس ایچ او سہراب گوٹھ اور قائد آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔


