کوہاٹ(ای پی آئی) کوہاٹ کے علاقہ ہنگو میں پولیس نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے 4 دہشت گردوں کو بھاری اسلحہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ محکمہ انسداد دہشت گردی کو انتہائی مطلوب زیر حراست دہشت گردشہر میں تخریب کا ری کا منصوبہ بندی کررہے تھے کہ دھرلئے گئے۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او ہنگو آصف بہادر کی خصوصی اطلاع پولیس سٹیشن دوآبہ کی حدودمیں علاقہ تورہ وڑی کے نواح میں واقع منزکیپہاڑ ی میں ڈی ایس پی ٹل مظہر جہان کی قیادت میں ایس ایچ او مجاہد حسین نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا جہاں سی ٹی ڈی کو انتہائی مطلوب 4 اہم دہشتگردوں کو گرفتار کر کے بھاری اسلحہ برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق زیرحراست ملزمان ہنگو میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے تاہم پولیس کی بروقت کاروائی پرتخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناکران مبینہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملادیئے گئے۔
زیرحراست مبینہ دہشت گردوں میں کمانڈر سید زمان ‘ افضل، عزیز اور زبیر شامل ہیں جوکہ سی ٹی ڈی کوہاٹ کو انتہائی مطلوب تھے۔پولیس کے مطابق گرفتار دہشتگردوںکا تعلق حافظ دولت اللہ گروپ سے ہے جو افغانستان کے موبائل سم استعمال کرکے شہریوں سے بھتہ وصول کرنے میں بھی ملوث پائے جاتے ہیں۔
زیرحراست دہشتگردوں سے ہیوی مشین گن، آر پی جی سیون گولے تخریب کاری کیلئے استعمال ہونے والی آئی ڈی کلاشنکوف4 دستی بم اور افغانی موبائل سمز4موبائل فونز اورمختلف قسم کے کارتوس بھی برآمد کئے گئے ہیں۔


