اسلام آباد (ای پی آئی ) پاکستان شعبہ زراعت میں بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کے لیے کوشاں ہے ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کیا ۔
انھوں نے زراعت اور غذائی تحفظ سے متعلق سیمینار میں زراعت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جی سی سی ممالک خوراک اور زراعت سے متعلق سالانہ 40 ارب ڈالرز کی امپورٹ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسپیشل انوسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کا قیام اسی مقصد کے لیے کیا گیا ہے، جی سی سی ممالک کو اس کونسل کے ذریعے شعبہ زراعت میں سرمایہ کاری پر راغب کرنا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ آنے والے چار پانچ سال میں مزید 40 ارب کی سرمایہ کاری کی امید ہے، اس اقدام سے 40 لاکھ نئی نوکریاں پیدا ہوں گی، گرین پاکستان کا مقصد معیشت کی بہتری کے لیے شعبہ زراعت کو خاص اہمیت دینا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ زراعت اور غذائی تحفظ سے متعلق سیمینار معمول کی سرگرمی نہیں تھا، پائیدار معیشت کے لیے ہمیں مستقبل میں قرض کے دلدل سے نکلنے کا وعدہ کرنا ہو گا، متحد اور اندرونی طور پر مضبوط ہو کر ہم یہ کام کر سکتے ہیں۔


