رحیم یار خان (ای پی آئی) راجن پور ،رحیم یار خان سمیت دیگر کچہ کے علاقوں میں ڈاکوؤں کا راج برقرار ہے گذشتہ روز ڈاکوؤں نے 4 مزدوروں کو اغوا کرلیا ہے پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے بھونگ کے علاقے نیو فارم میں باغ میں سوئے ہوئے 4 مزدوروں کو اغوا کرلیا۔

پولیس کے مطابق 12 سے زائد مسلح ڈاکو مغویوں کو کچے میں لے گئے جس کے بعد مغویوں کی بازیابی کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھیج دی گئی ،

پولیس کے مطابق ایک ماہ قبل صادق آباد سے اغوا کیے گئے ٹیکسی ڈرائیور کو بھی بازیاب نہیں کرایا جاسکا ۔

پنجاب اور سندھ میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس آپریشن 6 ماہ سے جاری ہے تاہم پولیس والے خود ہی ڈاکوؤں سے محفوظ نہیں۔

اس سے قبل ڈاکوؤں نے تھانہ کشمور کے ایس ایچ او کو 2 پولیس اہلکاروں سمیت اغوا کر لیا تھا جس پر پولیس کے مطابق ایس ایچ او اغوا کیے گئے ایک بچے کی بازیابی کے لیے کچے کے علاقے میں گئے تھے۔

خیال رہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف کچے میں 6 ماہ سے ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے، ضلع کشمور سے 3 ماہ کے دوران4 بچوں اور ایک خاتون سمیت 43شہریوں کو اغوا کیا گیا۔

ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تنیوکے مطابق ڈاکوؤں کے پاس بڑے ہتھیار ہیں،کم وسائل کے باوجود پولیس نے کامیاب آپریشن کرکے 58 ڈاکو ہلاک کیے، ایک مسئلہ سوشل میڈیا کے ذریعے ڈاکوؤں کے جھانسے میں آنا ہے۔