اسلام آباد (ای پی آئی ) سپریم کورٹ میں عون چوہدری کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات عائد کرنے کے بعد درخواست گزار عون چوہدری کی جانب سے چیمبر اپیل دائر کر دی گئی ۔

عون چوہدری نے اپنی درخواست میں اپیل کی ہے کہ رجسٹرار آفس کا 10 جولائی کو درخواست واپس کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔

انہوں نے استدعا کی ہے کہ درخواست کو نمبر الاٹ کر کے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، رجسٹرار کی جانب سے درخواست پر لگائے گئے اعترضات غیر ضروری ہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے عون چوہدری کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کر دی تھی۔

عون چوہدری نے سپریم کورٹ سے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی استدعا کی تھی۔عون چوہدری کی اس درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ریفرنس کیس میں سپریم کورٹ اصول طے کر چکی کہ پبلک آفس ہولڈر جوابدہ ہے۔

درخواست گزار عون چوہدری نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ تحریکِ انصاف پر پابندی کی درخواست قابلِ سماعت ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں نفرت انگیز تقاریر کیں۔

عون چوہدری کا اپنی درخواست میں مؤقف تھا کہ سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں کے خلاف کیس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ دفاع کو نوٹس جاری کیا۔