کراچی(ای پی آئی ) کراچی ایئر پورٹ پر جعلی دستاویزات پر قطر جانے کی کوشش میں ایرانی شہری کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سیل نے گرفتار کر لیا ،

ایرانی شہری جعلی پاکستانی سفری دستاویزات پر ملازمت کے لیے قطر جانے کی کوشش کر رہا تھا۔

جاسم نامی ملزم کے موبائل فون کے معائنے کے دوران ڈیٹا میں ایرانی شہریت کی دستاویزات بھی موجود تھیں۔

ملزم اپنے پاس موجود پاکستانی سفری دستاویزات پر درج رہائشی پتے اور اہلِ خانہ کی تفصیلات کے حوالے سے جوابات دینے سے قاصر رہا۔

دورانِ تفتیش یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ملزم نے پاکستانی سفری دستاویزات مبینہ طور پر انسانی اسمگلر کی مدد سے حاصل کی تھیں۔

ملزم کو حراست میں لیے جانے کے بعد مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ۔