اسلام آباد (ای پی آئی)سرکاری افسران کو اکسانے کے کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے 21 جولائی تک ملتوی کر دی ،
ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں ملزم فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری پیش ہوئے جنہوں نے فواد چوہدری کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ والدہ کی طبیعت ناساز ہے، اس لیے فواد چوہدری لاہور میں موجود ہیں۔جج طاہر عباس سِپرا نے فیصل چوہدری سے سوال کیا کہ آپ فواد چوہدری سے چھوٹے ہیں یا بڑے؟
وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ عمر میں چھوٹا ہوں تاہم وزن میں بڑا ہوں۔جج نے کہا کہ چھوٹوں سے محبت زیادہ ہوتی ہے، آپ والدہ کو چھوڑ کر یہاں موجود ہیں؟ چوہدریوں کو اپنی باتوں کی خود سمجھ نہیں، چوہدری پہلے کہہ کر کہتے ہیں کہ میں نے تو ایسا نہیں کہا تھا۔
عدالت نے پراسیکیوٹر کو آئندہ سماعت تک فواد چوہدری کو دستاویزات مہیا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فواد چوہدری کے خلاف کیس کی سماعت 21 جولائی تک ملتوی کر دی۔


