لاہور(ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل نعیم حید رپنجوتھہ نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ لگتا ہے تحریک انصاف کے چیئرمین کو نامعلوم ایف آئی آر میں نامزد کرکے گرفتار کرنے کا منصوبہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی پٹیشن سماعت کیلئے مقرر تھی،چیئرمین پی ٹی آئی کو 9مئی کو گرفتار کرنے کے بعد ملک بھر میں مقدمات درج کئے گئے،

الزام یہ ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ایما پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، پٹیشن میں استدعا کی کہ کوئی ثبوت نہیں ، کوئی آڈیو ، ویڈیو نہیں، جھوٹے کیسز ہیں، ایک جرم پر ایک کیس چل سکتا ہے، پورے پاکستان میں کیسے کیس چل سکتے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ سرکارکی طرف سے آج کیس کو لمبا کرنے کیلئے وکیل کی عدم دستیابی کا بہانہ بنایا گیا،لگتا ہے چیئرمین کو نامعلوم ایف آئی آر میں نامزد کرکے گرفتار کرنے کا منصوبہ ہے۔